سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کمیشن برائے ادب، اشاعت اور ترجمہ اس وقت 2025 کے بک فیئر کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ یہ بک فیئر 11 سے 20 دسمبر تک جدہ کے سپر ڈوم میں منعقد ہو گا۔
کتاب میلے میں ایک ہزار سے زیادہ اشاعتی ادارے حصہ لے رہیں جو 24 ممالک کی نمائندگی کریں گے۔ کتابوں کے اسٹالز کے لیے 400 بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق کتاب میلے کی انتظامیہ ملکی و غیر ملکی ممتاز مصنفین و مترجمین اور مفکرین کی میزبانی بھی کرے گی۔
انتظامی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز الواصل کا کہنا ہے کہ یہ ایک نمایاں ثقافتی تقریب ہو گی جو ادبی، اشاعتی اور ترجمے کے میدان میں ترقی کی عکاسی کرے گی۔ علاوہ ازیں کتاب میلے کے شرکاء کے لیے ادبی، فکری اور سائنسی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے جو دس دن جاری رہیں گے۔ ان پروگرامز کی تعداد تقریبا 170 ہے۔
ڈاکٹر الواصل نے مزید یہ کہا کہ یہ کتاب میلہ ہر عمر کے لوگوں خصوصا بچوں اور نوجوانوں میں مطالعے اور تحقیق کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور نکھارنے کا ذریعہ بنے گا۔