آئی جی پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت ملک نے شعبہ ریزرو کے ڈرائیور ہیڈکنسٹیبل پرویز خان کو کلاس ون سرٹیفکیٹ کے ساتھ پانچ ہزار روپے نقد انعام سے نوازا ہے۔
کیپٹن(ریٹائرڈ ) لیاقت علی ملک انسپکٹر جنرل پولیس تعینات ہونے کے بعد اسلام آباد سے براستہ مری مظفرآباد کی جانب آ رہے تھے کہ انھوں نے پھگواڑی کے قریب مین سڑک کے کنارے آزادکشمیر کے رجسٹریشن نمبر کی ایک پولیس بس کھڑی دیکھی جس کو ایک شخص بڑی محنت سے صاف کر رہا تھا۔انسپکٹر جنرل پولیس اپنی گاڑی روک کر اس شخص کے پاس گئے اور سلام کر کے پوچھا کہ آپ کون ہو اور اتنی بڑی گاڑی کو صاف کرنے کی تکلیف کیوں اٹھا رہے ہو تو اس شخص نے اپنا تعارف اس سرکاری بس کے ڈرائیور کے طور پر کرواتے ہوئے کہا اس کا رزق اس گاڑی سے وابستہ ہے اس لئے وہ اپنی سرکاری بس کی دل سے دیکھ بھال کرتا ہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے سرکاری ڈرائیور کی تعریف کرتے ہوئے جب بتایا کہ وہ آزادکشمیر کے نئے آئی جی ہیں تو وہ حیران رہ گیا ۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے ڈرائیور پرویز کو دو روز بعد دفتر آنے کی دعوت دی۔
پرویز خان کو دفتر آنے پر انسپکٹر جنرل پولیس نے عزت و احترام دیتے ہوئے سرکاری گاڑی بہترین دیکھ بھال کرنے کی احسن کارکردگی پر کلاس ون سرٹیفیکیٹ کے ساتھ پانچ ہزار روپے نقد انعام بھی دیا۔
سورس: AJK Police Facebook page