انسان کو لاحق ہونے والی بدترین حالت یہ ہے کہ وہ بولنے کی رغبت کھو دے، ہنسنے کی خواہش مر جائے اور ردعمل ظاہر کرنے کا جذبہ ختم ہوجائے۔ بدترین بات یہ ہے کہ انسان زندہ ہو اور اندر سے مر چکا ہو۔
آپ عظیم مصوروں کے بارے میں سب کچھ جانتے ہیں مگر آپ ان کے اس کمرے کی خوشبو کے بارے میں کچھ نہیں جانتے جہاں وہ بیٹھ کر اپنے مجسمے تراشتے تھے یا کینوس پر رنگ بکھیرتے تھے۔
آپ بہت کچھ جانتے ہوگے مگر کیا کبھی انسانی رشتوں کے درمیان نفرت بھری بلند ہوتی اور کبھی ان کے درمیان محبت بھری ٹوٹتی ہوئی دیواروں کے بارے میں جاننے کی کوشش بھی کی ہے۔
آپ نے ہسپتالوں میں لوگوں کو مرتے ہوئے بہت دیکھا ہوگا مگر کیا کبھی انسانیت کی گلی سڑی لاش کا سامنا کیا ہے۔
کیا آپ نے کبھی اپنے محلے میں اس بھوکی اور معذور بوڑھی عورت کی تیمارداری کی ہے جس نے کبھی آپ کے دروازے پر آکر اپنا دست دراز نہیں کیا۔
آپ کو اپنے بچوں کو اکثر ان کی خواہش اور طلب کو دل وجان سے پورا کرتے ہوئے کبھی خیال آیا کہ آج کسی ایک معصوم بچے کو محض اس وجہ سے اسکول سے نکال دیا گیا ہوگا کہ اس کے باپ یا ماں نے اس کے اسکول کی فیس نہیں بھری ہوگی۔
جب کبھی کسی بڑی دکان سے بچوں کی ڈرائنگ کے لوازمات جیسے رنگ، برش، کینوس خریدو تو دیکھنا کہ کہیں آس پاس کوئی اپنے خواب نا بیچ رہا ہو۔
دیکھو کبھی درازی عمر کی دعا نا مانگنا۔ ہمیشہ پرسکون اور آسان زندگی کی آرزو کرنا۔ کہتے ہیں کہ زندگی لمبی نہیں، بڑی ہونی چاہیے۔
کیا آپ نے ٹرین سے اُترنے والے آخری مسافر کو کبھی دیکھا ہے؟ اُسے کوئی نہیں دیکھتا۔ اس کے پیچھے صرف اندھیرا اور خلا ہوتا ہے۔
کبھی کبھی اپنی میز کی دراز میں کچھ روپے رکھ کر بھول جایاکریں اور پھر جب انہیں اُس جگہ دوبارہ نا پاؤ توکسی سے سوال نا کیا کرو۔
اپنی شریک سفر کو کبھی مت بتاؤ کہ آج کیا کھانا چاہتے ہو، اسے چھوٹے چھوٹے فیصلے کرنے کا اختیار دو۔
وہ جو کمرے کے کونے میں پھولوں کا گلدان رکھا ہے اسے پانی اور پیار کی ضرورت رہتی ہے، کبھی کبھی دیکھ لیا کرو۔
اپنے گھر کے دروازے کے باہر پھول اُگایا کرو۔
جن بچوں کی زندگی میں کمزور پہلو ہوں ، ان کے ساتھ زیادہ وقت گزارا کرو۔
جب گھر سے نکلو گے اور جب گھر کو لوٹو گے تو آپ کو زندگی کی خوبصورتی کا احساس ہوگا اور یہ احساس آپ کے اندر مسرت بھر دے گا۔ پھر جب دیگر لوگوں سے سامنا ہوگا تو وہ مسرت دوسرے لوگوں تک منتقل ہوجائے گی۔ ایک نہیں کئی زندگیوں کو خوشیاں ملیں گی۔
اگر کبھی کھانے کا ذائقہ پسند اور معیار کا نا ملے تو کیا فرق پڑتا ہے۔ کبھی بس یوں ہی خاموشی سے ، کچھ کہے بنا، کسی کو بتائے اور جتائے بنا کھالینا چاہیے۔ زندگی میں ذائقہ ہی تو سب کچھ نہیں۔
پتا ہے آج میں ٹی وی دیکھتے دیکھتے سو گیا۔ تھوڑی دیر بعد وہ خود بخود بند ہوگیا کیونکہ جب اس بے جان چیز نے محسوس کیا کہ کوئی اسے دیکھ نہیں رہا تو وہ خاموش ہوگیا۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر ایک توجہ چاہتا ہے اور ہم انسان تو لازمی چاہتے ہیں۔
کوئی خواب دیکھو اور پھر باقی زندگی میں اس خواب کی حفاظت کرو۔ اس طرح یہ زندہ رہنے کی وجہ بن جائے گا۔
پرندوں کو کبھی پنجروں میں بند مت کرو۔ جس طرح خود آزاد ہو، انہیں بھی آزاد رہنے دو۔
اپنی زندگی کو بامقصد بنائیے، زندگی کا کوئی نظریہ ہونا چاہیے۔ سماجی، سیاسی،ادبی،فکری، کوئی بھی نظریہ جس کے ساتھ جڑ کر کوئی بامقصد سوچ و آگہی کو فروغ دیا جاسکے۔