اگر ذمہ دار طبی ماہرین نے آپ کو مقوّی اورمفرّح ادویات تجویز کر رکھی ہیں، آپ انھیں استعمال کرتے اورخود کو بہتر پاتے ہیں تو پھر آپ کے لیے میرے پاس ایک بہت اعلیٰ مجرّب ٹوٹکا موجود ہے. لگتا ہے وہ بنا ہی آپ کے لیے ہے.
قوتِ قلب اور فرحتِ روح کے لیے ترکی کا یہ نسخہ صدیوں سے ملکوں ملکوں سینہ بہ سینہ اور سفینہ بہ سفینہ منتقل ہوتا آیا ہے. اس کے استعمال سے آپ کے دل و نظر کو جِلا ملے گی، احساسِ مسرت میں اضافہ ہو گا، آدم بیزاری میں خاصی کمی آئے گی،گرد و پیش سے دل چسپی بڑھے گی، کام کرنے کو زیادہ جی چاہے گا اور نیند کی مقدار اورمعیار میں بھی یقیناً بہتری آئے گی.نسخہ یہ ہے:
– روزانه صبح نہار منھ دیوانِ شمس تبریزی میں سے مولانا رومی کی ایک فارسی غزل دھیان گیان سے پڑھ لیا کیجے. جو بھی سمجھ میں آئے، ٹھیک ہے.
– فارسی کلام نہ پڑھ سکیں تو مجبوری میں انگریزی یا اردو ترجمہ بھی کام دے جائے گا لیکن اس کی خوراک ذرا زیادہ رکھنی ہو گی. ایک غزل کا ترجمہ صبح نہار منھ، ایک کا شام کی چائے کے ساتھ.
– ناغے کی صورت میں اگلے دن قضا کے طور پر دگنی خوراک لازم ہو گی.
– حسنِ اتفاق سے کبھی خوراک کی مقدار زیادہ بھی ہو جائے تو کوئی بات نہیں.
– دوا جب تک جی چاہے، جاری رکھی جا سکتی ہے. نقصان کا کوئی اندیشہ نہیں ہے.
– اس نسخے کے سارے اجزا انتہائی خالص، فطری، کم یاب اور بے حد قیمتی ہیں.
– علاج کے دوران یا بعد میں اس کے مضر اثرات یا منفی نتائج کبھی سامنے نہیں آئے.
– خدمتِ خلق کی نیت سے اس دوا کی طرح یہ مشورہ بھی فی سبیل اللہ ہے.
– آپ یہ ٹوٹکا نہ آزمانا چاہیں یا کسی بھی وجہ سے اس پرعمل نہ کر سکیں تو پھر اپنے مہنگے طبی ماہرین سے رابطہ نہ ٹوٹنے دیجیے گا.
– جو احباب اس سے فیض یاب ہوں، اسے مفید پائیں، وہ بتانے والے کو دعائے خیر میں یاد رکھیں.
– یہ نسخہ بلا قیمت دوسرے ضرورت مندوں تک پہنچانے پر کوئی پابندی نہیں ہے.
(دیوانِ شمس کا کوئی مکمل اردو ترجمہ میرے علم میں نہیں. سرِ دست فہمیدہ ریاض کا منتخب منظوم ترجمہ*یہ خانۂ آب و گل* تجویز کیا جا سکتا ہے.)
